شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 6 خوارج ہلاک، میجر اور سپاہی شہید

شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 6 خوارج ہلاک، میجر اور سپاہی شہید

راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا، جس کے دوران 6 خوارج ہلاک ہوگئے۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ   کے نتیجے میں 2 جوان شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، یہ آپریشن خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ شہید ہونے والوں میں 29 سالہ میجر حمزہ اسرار اور 26 سالہ سپاہی محمد نعیم شامل ہیں، جن کا تعلق بالترتیب راولپنڈی اور نصیر آباد سے تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے 6 خوارج کی لاشیں قبضے میں لے لی گئی ہیں، اور علاقے میں دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 6 خوارج کو ہلاک کرنے پر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کارروائی میں شہید ہونے والے میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم کی قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کوششیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو سراہا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شہید میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم کو خراج عقیدت پیش کیا، اور ان کی قربانیوں کو قومی عزت و فخر کا باعث قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جوانوں کی بہادری اور قربانیوں پر قوم کو فخر ہے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا۔

مصنف کے بارے میں