واشنگٹن: واشنگٹن ایئرپورٹ کے قریب ایک مسافر طیارہ فوجی ہیلی کاپٹر سے ٹکرا کر پوتوماک دریا میں جا گرا، جس کے نتیجے میں 18 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے۔
فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق، حادثے کے وقت مسافر طیارہ 166 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کر رہا تھا، جس میں 64 مسافر سوار تھے۔ فوجی ہیلی کاپٹر میں 3 اہلکار موجود تھے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق، امدادی ٹیموں نے حادثے میں ہلاک ہونے والے 18 افراد کی لاشیں دریا سے نکال لی ہیں۔ اس کے علاوہ، ریگن نیشنل ایئرپورٹ پر تمام پروازیں معطل کر دی گئی ہیں، اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اس فضائی حادثے کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حادثے کے بارے میں کہا کہ وہ صورتحال کی مکمل نگرانی کر رہے ہیں اور جیسے ہی مزید معلومات ملیں گی، ان کا عوامی طور پر اعلان کیا جائے گا۔