ریاض: سیاحوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے پہلی صحرائی لگژری ٹرین سروس کا اعلان کرکے سعودی عرب نے بڑی سہولت متعارف کرادی ہے۔ سعودی عرب نے پہلی صحرائی لگژری ٹرین سروس متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری ریلوے کمپنی نے اس کے لیے اٹلی کے آرسینل گروپ کے ساتھ 20 کروڑ سعودی ریال کا معاہدہ کیا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق ڈریم آف دی ڈیزرٹ نامی ٹرین سروس 2025 کے آخر تک کام شروع کر دے گی۔یہ لگژری ٹرین دارالحکومت ریاض سے اردن کی سرحد قریب واقع شہر قریات کے درمیان سفر کرے گی۔
1300 کلو میٹر طویل روٹ کے دوران یہ ٹرین سعودی عرب کے حیران کن صحرائی مقامات سے گزرے گی۔اس ٹرین میں 40 پرتعیش بوگیاں موجود ہوں گی جن پر مسافروں کو ایک یا 2 راتوں کے ٹور بک کرانے کی سہولت دستیاب ہوگی۔
ٹرین کی بوگیوں کی تیاری کا کام اٹلی میں شروع کر دیا گیا ہے۔سعودی عرب میں 300 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرنے والی ٹرینوں کے لیے پٹریوں کے نیٹ ورک کو بتدریج ملک بھر میں پھیلایا جائے گا۔ یہ نئی لگژری ٹرین سروس بنیادی طور پر سیاحوں کو سعودی عرب میں لانے کے منصوبوں کا حصہ ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے سیاحت کے شعبے میں اگلے 10 برسوں کے دوران 800 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے تاکہ 2030 میں 7 کروڑ غیر ملکی سیاح وہاں کا سفر کریں۔