سائفر کیس: عمران خان اور شاہ محمود قریشی مجرم قرار ،10 ، 10 سال قید کی سزا

12:20 PM, 30 Jan, 2024

اسلام آباد : سائفر کیس میں خصوصی عدالت نے فیصلہ سنا دیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 10 ، 10 سال قید کی سزا دی گئی ہے۔ 

خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے زبانی مختصر فیصلہ سنایا کہ شاہ محمود قریشی اور عمران خان پر جرم ثابت ہوتا ہے لہٰذا انہیں 10، 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی جاتی ہے۔ 

فاضل جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں جب فیصلہ سنایا تو  عمران خان اور شاہ محمود عدالت میں موجود تھے۔ فاضل جج نے کہا کہ آپ کے وکلا حاضر نہیں ہورہے ،آپ کو اسٹیٹ ڈیفنس کونسل فراہم کی گئی، اس پر وکلا صفائی نے کہا کہ ہم جرح کرلیتے ہیں۔ جج نے وکلا صفائی سے کہا کہ آپ نے مجھ پر عدم اعتماد کیا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا 342 کا بیان ریکارڈ کیا جس میں عمران  خان نے کہا کہ سائفر میرے آفس آیا تھا لیکن اس کی سکیورٹی کی ذمہ داری ملٹری سیکرٹری کی تھی اس حوالے سے ملٹری سیکرٹری کو انکوائری کا کہا تھا، انہوں نے بتایا کہ سائفر کے بارے میں کوئی کلیو نہیں ملا۔

واضح رہےکہ اس سے قبل عمران خان نے سائفر کیس میں سرکاری وکلاء صفائی کی تقرری کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

مزیدخبریں