اسلام آباد: نگراں حکومت یکم فروری 2024 سے پی او ایل کی قیمتوں کی اپنی آخری ایڈجسٹمنٹ میں پٹرول کی قیمتوں میں 7.85 روپے فی لٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 2.06 روپے فی لٹر اضافہ کر سکتی ہے۔
روزنامہ جنگ میں شائع سینئر صحافی خالد مصطفیٰ کی رپورٹ کے مطابق اگلے مہینے کے پہلے پندرہ دن میں قیمتوں میں اضافہ بنیادی طور پر غزہ میں فلسطینیوں پر اسرائیل کے حملے اور تجارتی جہازوں پر حوثیوں کے حملوں کی وجہ سے مشرق وسطی میں کشیدگی بتائی جارہی ہے ۔ بین الاقوامی منڈیوں نے بحری جہازوں پر حملوں پر شدید ردعمل کا اظہار کیا جس کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں موٹر پٹرول 16 جنوری 2024 سے 6 ڈالر فی بیرل اور ڈیزل کی قیمت 3.7 ڈالر تک پہنچ گئی کیونکہ بین الاقوامی کمپنیوں نے موٹر اسپرٹ پر اپنے پریمیم میں اضافہ کیا ہے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔