اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پشاور میں ہونے والا دھماکہ پاکستان پر حملہ ہے اور دہشت گردی ہماری قومی سلامتی کیلئے سب سے بڑا چیلنج ہے، غمزدہ خاندانوں کے دکھ کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ میں ابھی پشاور سے واپس آیا ہوں، پشاور میں ہونے والا دھماکہ پاکستان پر حملہ ہے اور اس سانحہ کے بعد پوری قوم غم میں ڈوبی ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ہماری قومی سلامتی کیلئے سب سے بڑا چیلنج ہے، غمزدہ خاندانوں کے دکھ کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔
Just returned from Peshawar. The sheer scale of the human tragedy is unimaginable. This is no less than an attack on Pakistan. The nation is overwhelmed by a deep sense of grief. I have no doubt terrorism is our foremost national security challenge.
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) January 30, 2023
واضح رہے کہ آج پولیس لائن پشاور کی مسجد میں خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 59 افراد شہید اور 140 سے زائد زخمی ہوئے۔ دھماکے کے نتیجے میں مسجد کی دو منزلہ عمارت گر گئی، سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور نمازیوں کی پہلی صف میں موجود تھا۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا جبکہ ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔