اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے پشاور پولیس لائنز مسجد میں دھماکے کو سفاکانہ اور بذدلانہ فعل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نمازیوں پر دہشت گرد حملے کی جتنی زیادہ مذمت کی جائے اتنی کم ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پشاورپولیس لائنز مسجد کو نشانہ بنانا افسوسناک واقعہ ہے، نمازیوں پر دہشت گرد حملہ ایک سفاکانہ اور بذدلانہ فعل ہے اور اس کی جتنی زیادہ مذمت کی جائے اتنی کم ہے، خیبرپختونخوا کے ہسپتال میں زخمیوں کا بہتر علاج کیا جا رہا ہے تاہم شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، کوشش ہے دہشت گردی کے جن کو بوتل میں بند کیا جائے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پشاور پولیس لائنز مسجد واقعہ کی تمام پہلوو¿ں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، وفاقی ادارے خیبر پختونخوا حکومت کی مکمل معاونت کر رہے ہیں، دہشت گرد انسانیت اور اسلام کے دشمن ہیں اور پوری قوم نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں، اپنے شہداءکو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں، دہشت گردی کو شکست فاش دیں گے، ملک دشمنوں کی سازشیں ناکام بنائیں گے۔