روس کیساتھ توانائی کے شعبہ میں مثبت بات چیت ہوئی ہے، بلاول بھٹو

05:50 PM, 30 Jan, 2023

نیوویب ڈیسک

ماسکو: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ توانائی کے شعبہ میں مثبت بات چیت ہوئی ہے ، پاکستان روس کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے ، دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات دوطرفہ اور علاقائی استحکام کیلئے اہم ہیں ۔

روسی ہم منصب سرگئی لاروف کے ساتھ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان روس تعلقات دیرینہ اور دہائیوں پر مشتمل ہیں، روسی وزیر خارجہ کے ساتھ تمام شعبوں میں دوستانہ ماحول میں بات چیت ہوئی، تنازعات کا پُرامن حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ تجارت، انسداد دہشت گردی اور عوامی رابطوں سمیت دیگر شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کا خواہشمند ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو بڑھانے کیلئے گرمجوشی پائی جاتی ہے۔

بلاول نے کہا کہ اعلیٰ سطح کے مذاکرات کیلئے دعوت پر روسی وزیر خارجہ کا شکرگزار ہوں۔ پاکستان اور روس کے درمیان 8واں بین الحکومتی اجلاس کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا ،پرتپاک استقبال پر روسی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ تمام شعبوں میں روسی وزیر خارجہ کے ساتھ دوستانہ ماحول میں گفتگو ہوئی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستانی معیشت سیلاب کی وجہ سے شدید متاثر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں، اس سلسلہ میں روس کے ساتھ توانائی کے شعبہ میں مثبت بات چیت ہوئی ہے۔

اس موقع پر روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان اور روس اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے، غیر جانبدارانہ پوزیشن کے حوالہ سے پاکستان کا مؤقف قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کی توانائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے بھرپور تعاون کریں گے۔

روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور روس مختلف عالمی فورمز پر مشترکہ مؤقف رکھتے ہیں ، پاکستان اور روس کا شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) میں تعاون کے حوالہ سے یکساں مؤقف ہے، پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہم منصب سے ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا، پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔

مزیدخبریں