لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے پولیس لائن پشاور کی مسجد میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز شریف نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے پر دل بہت رنجیدہ ہے، حملے میں شہید ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں، اللہ تعالیٰ زخمیوں کو شفائے کاملہ عطا کرے۔
واضح رہے کہ پشاور میں پولیس لائن کی مسجد میں خودکش دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں اب تک 32 افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہوئے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
نیو نیوز کے مطابق حملہ آور ظہر کی نماز کے دوران پہلی صف میں موجود تھا جس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے اورعلاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں۔