کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا رنگا رنگ میلہ شہر قائد میں جاری ہے جہاں آج کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں مدمقابل ہیں جس دوران افغان کرکٹر راشد خان کے جشن منانے کے انداز نے سوشل میڈیا پر میمز کا طوفان برپا کر دیا ہے۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے شرجیل خان اور کپتان بابراعظم کی عمدہ اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے جبکہ حارث رؤف نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں۔
اننگز کا آخری اوور حارث رؤف نے کرایا جس کی تیسری گیند پر عماد وسیم نے بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش کی مگر باﺅنڈری کے قریب راشد خان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ لاہور قلندرز کے لیگ سپنر نے زبردست کیچ پکڑنے کے بعد ’کوبرا سٹائل‘ کے ساتھ دلچسپ انداز میں جشن منایا تو ان لمحات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر ہو گئی اور میمز کا طوفان آ گیا۔
عاقب مجید نامی صارف نے راشد خان کے دلچسپ انداز کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’خواتین و حضرات!! پیش خدمت ہے افغانی ناگ‘
ناٹی ایمن نامی ٹوئٹر ہینڈل سے عماد وسیم کے آﺅٹ ہو کر گراﺅنڈ سے باہر جاتے وقت کی تصویر کو ’کاریگری‘ کا عنوان دیا تو راشد خان کی جشن مناتے ہوئے تصویر شیئر کر کے انہیں ’کاریگر‘ قرار دیا۔
اسامہ سپیکس کرکٹ نامی ٹوئٹر ہینڈل نے بھی راشد خان کی تصویر شیئر کی اور کھلکھلانے کا ایموجی استعمال کرتے ہوئے لکھا’ ناگن جشن‘
زین نامی ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا ’یہاں تک کہ راشد خان کو بھی معلوم ہے کہ کراچی کنگز کا سامنا ہو تو کیا رویہ اختیار کرنا ہے‘