مردان: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ تاحیات نااہلی کیس سے کوئی تعلق نہیں یہ کیس سپریم کورٹ بار نے از خود دائر کیا۔
جہانگیرترین بذریعہ ہیلی کاپٹر مردان کے علاقے تخت بھائی پہنچے جہاں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ایم پی اے عبدالسلام آفریدی اور پارٹی کے دیگر کارکن اور عہدیدار بھی موجود تھے۔
میڈیا سے گفتگو میں جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ تاحیات نااہلی کیس سے کوئی تعلق نہیں اور یہ کیس سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے از خود دائر کیا ہے، وکلا کا خیال ہے کہ تاحیات نااہلی انصاف پر مبنی نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ کیس میں فریق ہوں نہ بار نے مجھ سے کوئی مشورہ کیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر احسن بھون نے تاحیات نا اہلی کے خلاف عدالت عظمیٰ میں آئینی درخواست دائر کی تھی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ تاحیات نااہلی کے اصول کا اطلاق صرف انتخابی تنازعات میں استعمال کیا جائے، آئین کےآرٹیکل 184/3 کے تحت سپریم کورٹ بطور ٹرائل کورٹ امور انجام نہیں دے سکتی اوران عدالتی فیصلوں کےخلاف اپیل کاحق بھی نہیں ملتا جوانصاف کے اصولوں کے منافی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اپیل کے حق کے بغیر تاحیات نا اہلی بنیادی حقوق اور متعلقہ حلقہ کے ووٹرز کی بھی حق تلفی ہے۔
احسن بھون کی جانب سے دائر درخواست میں وفاق کو فریق بنایا گیا ہے، خیال رہے کہ اس وقت سابق وزیراعظم نواز شریف اور جہانگیرترین تاحیات نااہل ہیں۔