ناروال: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران نیازی کی حکومت نے کرپشن کا ورلڈ ریکارڈ بنا دیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نے عمران خان کو بے نقاب کر دیا ہے۔
انہوں ںے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت آج دنیا کی کرپٹ ترین حکومت بن چکی ہے اور آج تک کوئی بھی حکومت ایک سال میں کرپشن کے 16 درجے انڈکس سے نیچے نہیں گری۔
ن لیگ کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی کی کرپشن انٹرنیشنل ٹرانسپرنسی اور چوری الیکشن کمیشن نے پکڑ لی تھی۔ آج خود کرپشن کرنے والے دوسروں پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں۔ قوم آج عمران خان سے غیر ملکی تحائف اور انکم ٹیکس کا حساب مانگ رہی ہے۔
اس سے قبل سرگودھا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جب سے یہ حکومت آئی ہے تبدیلی کے نام پر تباہی چل رہی ہے، عوام کے انسانی اور معاشی حقوق پر حملے ہو رہے ہیں، ایک کروڑ نوکریوں، 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا گیا تھا ان کا کیا بنا، ظالموں نے تجاوزات کے نام پر غریب کے سر سے چھت چھین لی، ایک کروڑ نوکریاں دینا تو درکنار جن کے پاس پہلے سے روزگار تھا وہ بھی چھین لیا گیا، ملک میں ہر طبقہ سراپا احتجاج ہے، اور وزرا کہتے ہیں کہ پاکستان میں مہنگائی ہے ہی نہیں، ملک میں مہنگائی ہے اور اس کے ذمہ دار عمران نیازی ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ہم نے شروع سے ہی انہیں سلیکٹڈ کہا تھا، آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل عوام اور غریب دشمن ڈیل ہے، آپ کی ناکامی کا بوجھ غریب عوام پر پڑے گا، زراعت ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، لیکن جب سے یہ ناکام حکومت آئی ہے ہماری زراعت تباہ ہوگئی، کسان یوریا کے بحران پر احتجاج کر رہے ہیں، کرپشن پر عوام سے جھوٹ بولا گیا، لیکن ٹرانسپرنسی کی رپورٹ نےعمران خان کی کرپشن کا بھانڈا پھوڑا دیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ظالم حکومت پروپیگنڈے کے باوجود زیادہ دیر تک قائم نہیں رہے گی، عمران خان کی نا اہلی کا بوجھ عام آدمی کب تک اٹھائے گا، کٹھ پتلی کو بھگانے کے لئے عوام کے ساتھ نکلیں گے اوربھگائیں گے، نااہل وزیراعظم کا مقابلہ کرنے کے لئے اعلان جنگ کرکے 27 فروری کو اسلام آباد کیلئے نکلیں گے اور وہاں پہنچ کر اپنے مطالبات حکومت اور دنیا کے سامنے رکھیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تاریخ میں لکھا جائے گا جیالے دیوار بن کر کٹھ پتلی کے آگے کھڑے تھے، ہم نے ہر مشکل وقت میں ملک کو بحران سے نکالا ہے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آمریت کامقابلہ کیا ہے، ہم عوام کی خدمت کے لئے سیاست کرتے ہیں، جمہوریت ہماری سیاست اور مساوات ہماری معیشت ہے۔