طاہر اشرفی کا مذہبی معاملات کی توہین کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا اعلان

طاہر اشرفی کا مذہبی معاملات کی توہین کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا اعلان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی نے مذہبی معاملات کی توہین کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بعض لوگ مذہبی منافرت پھیلارہے ہیں، مذہبی معاملات کی توہین کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی ہو گی۔ 
طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے توہین ناموس رسالت ﷺکا مقدمہ بھرپور طریقے سے لڑا جس کے باعث کینیڈا اور روس کے سربراہان بھی اب عمران خان کی فکر کی تائید کر رہے ہیں۔ 
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ آئی جے آئی میں شامل کسی سیاسی جماعت نے ملک میں شریعت نافذ نہیں کی، قوم کو دھوکہ دینے والے آج وزیراعظم عمران خان کے ریاست مدینہ کے ویژن پر انگلیاں اٹھاتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے ایک بیان میں اسلاموفوبیا کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس نفرت کو ختم کرنے اور کینیڈا میں مسلمانوں کیلئے اپنی کمیونیٹیز کو محفوظ بنانے کی ضرورت ہے۔ 
وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کینیڈین وزیراعظم کے اسلامو فوبیا سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جسٹن ٹروڈو کی اسلام کے خلاف منافرت کی غیر متزلزل مذمت کے عمل کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں