کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور سر ویون رچرڈز بھی پاکستان پہنچ گئے

03:42 PM, 30 Jan, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور سرویون رچرڈز بھی پاکستان پہنچ گئے ہیں اور مقامی ہوٹل میں قرنطینہ اختیار کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق دنیائے کرکٹ کے عظیم کھلاڑی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور سر ویون رچرڈز پاکستان پہنچ گئے ہیں اور کراچی کے مقامی ہوٹل میں تین روز تک قرنطینہ اختیار کرنے کے بعد ٹیم کو جوائن کریں گے۔ 
سر ویون قرنطینہ مکمل کرنے اور کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آنے پر فرنچائز کیساتھ ہی پی ایس ایل 7 کیلئے بائیو سیکیور ببل میں داخل ہو جائیں گے اور ٹیم کے ساتھ سٹیڈیم میں نظر آئیں گے۔ 
دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کولن منرو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں شرکت کیلئے کراچی پہنچ گئے ہیں جو فوری طور پر سلیکشن کیلئے بھی دستیاب ہیں۔ 
پی ایس ایل فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ قوانین کے مطابق اگر کسی کو گزشتہ 28 روز کے دوران کورونا ہوچکا ہو تو اس کا قرنطینہ لازمی نہیں ہے اس لئے کولن منرو فوری طور پر ٹیم کو سلیکشن کیلئے دستیاب ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کولن منرو آج بھی سلیکشن کیلئے دستیاب ہیں مگر پشاور زلمی کیخلاف میچ میں شرکت کا امکان کم ہے کیونکہ وہ طویل سفر کرکے آج ہی پہنچے ہیں اس لئے انہیں آرام دئیے جانے کا امکان ہے۔ 
واضح رہے کہ کولن منرو آسٹریلیا میں کھیلی گئی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے دوران عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کی وباءکا شکار ہوئے تھے تاہم اب وہ صحت یاب ہو کر پی ایس ایل میں شرکت کیلئے کراچی پہنچ چکے ہیں۔ 

مزیدخبریں