لاہور: قومی ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل نے سال 2010 کے ایشیا کپ میں پاک بھارت سنسنی خیز ٹاکرے کے دوران بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر سے ہونے والے گرما گرمی کی اصل وجہ سامنے لے آئے۔
کامران اکمل نے 12 برس قبل کرکٹ کے میدان میں بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر سے ہونیوالی نوک جھونک پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک معمولی 'غلط فہمی' کی وجہ سے ہمارے درمیان گرما گرمی ہوئی تاہم گوتم ایک اچھا دوست ہے، نہ صرف گوتم گمبھیر بلکہ ہربھجن سنگھ یا ایشانت شرما سے بھی کوئی خراب تعلقات نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گراؤنڈ میں اس قسم کے واقعات نارمل ہیں، فیلڈ سے باہر ہمارا آپس میں کوئی جھگڑا نہیں ہے۔
خیال رہے کہ سال 2010 میں سری لنکا میں منعقد ہونے والے ایشیا کپ میں روایتی حریفوں میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت نے پاکستان کو ہرا دیا تھا ، تاہم یہ معرکہ دونوں طرف کے کھلاڑیوں کیلئے خاصا گرما گرم ثابت ہوا تھا ۔
واضح رہے کہ کامران اکمل کو بھارتی کرکٹرز کیساتھ گراؤنڈ میں اکثر لفظی جھڑپ کا سامنا رہا ، 2012 میں بھی بھارت کے بنگلورو سٹیڈیم میں ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران بھارتی فاسٹ باؤلر ایشانت شرما سے بھی قومی کرکٹر کا گرما گرم ٹاکرا ہوا تھا۔
قومی ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل نے پاکستان کی جانب سے کھیلتے ہوئے 53 ٹیسٹ، 157 ون ڈے اور 58 ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کی ہے، آخری بار قومی ٹیم میں 2017 میں کھیلے تھے۔ تاہم فی الحال اومان میں کھیلی جارہی لیجنڈز لیگ کرکٹ میں ایشیا لائنز کے کیمپ کا حصہ ہیں۔ جس میں دیگر کئی لیجنڈری کرکٹرز بھی شامل ہیں۔