کراچی: بلاول بھٹو زرداری کی بہن اور سابق صدر آصف زرداری کی بیٹی بختاور گزشتہ روز محمود چوہدری کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں تھیں اور حق مہر میں ان کو 132 تولے چاندی دی گئی۔
بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو کو ان کے شوہر کی جانب سے نکاح میں کتنا حق مہر اور تحائف دیئے گئے اس حوالے سے دونوں خاندانوں کی جانب سے کوئی تفصیل نہیں جاری کی گئی تاہم پیپلز پارٹی کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ بختاور کو حق مہر میں محض 132 تولے چاندی دی گئی۔
پاکستان کے امیر ترین شخص کی بیٹی کی شادی پر انہیں حق مہر میں صرف 132 تولے چاندی ملنے پر سوشل میڈیا پر شہریوں نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا ۔ حق مہر میں ملنے والی چاندی کی مجموعی قیمت اس وقت 2 لاکھ روپے تک بنتی ہے۔
بختاور بھٹو زرداری کا نکاح پاکستانی نژاد دبئی کے صنعتکار 33 سالہ محمود چودھری سے کراچی میں بلاول ہاؤس میں ہوا اور نکاح ٹھٹھہ کے عالم مولانا غلام محمد سہو نے پڑھایا۔ تقریب میں بختاور بھٹو کے والد اور بھائی بلاول بھٹو زرداری سمیت ان کے قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی بہن بختاور بھٹو کے نکاح کی تصاویر جاری کی تھیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں بلاول نے کہا تھا کہ میری بہن بختاور کی شادی طویل عرصے بعد آنے والی خوشیوں کا لمحہ ہے، مجھے ایسا لگا کہ خوشیوں کے اس لمحے میں میری والدہ ہمیں دیکھ رہی ہیں۔ میری جانب سے دونوں کو ایک ساتھ نئی زندگی کی شروعات کی مبارک باد۔