پی ڈی ایم متحد ہے اور حالات کے مطابق اپنا کارڈ کھیل رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان

05:35 PM, 30 Jan, 2021

پشاور: پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ملک کو آج بین الاقوامی سطح پر سبکی اٹھانی پڑ رہی ہئے اور قوم کی حقیقی سطح پر اس وقت ناگزیر ہو چکی ہے اور ریاست اس وقت خطرے میں۔ 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ براڈ شیٹ نے ان کی کارکردگی کا پول کھولا ہے اور براڈ شیٹ کیس میں ان کی نااہلی کی وجہ سے قوم کو اتنا بڑا نقصان ہوا تاہم اب ہم نے قوم بن کر ملک کو بچانا ہے۔ ہم پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں اور اختلاف رائے پر بغلیں نہیں بجانی چاہئیں لیکن اختلاف کے باوجود پی ڈی ایم متحد ہے اور حالات کے مطابق اپنا کارڈ کھیل رہے ہیں۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ پانچ فروری کو مظفر آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں گے اور ہم بالکل متحد ہیں اور اچھی حکمت عملی کے تحت آگے کیطرف بڑھ رہے ہیں۔ 

مولانا فضل الرحمان نے کہا حکمران بے وقوف تھے اور خود کو بے وقوف بناتے چلے جائیں گے اور حکمران اپنے مستقبل سے بے پرواہ ہیں اور ان کا مستقبل تاریک ہے جبکہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ 

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر استعفے آ جاتے ہیں اور سندھ اسمبلی ٹوٹ جاتی ہے تو سینیٹ الیکشن نہیں ہو سکے گا۔ ضمنی الیکشن اور سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ضمنی الیکشن میں عوام کی رائے صحیح طور پر سامنے آئی ہے اور عام الیکشن میں عوامی رائے تبدیل کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں 2018 کے الیکشن اور نتائج پر اعتراض ہے جس کو حق حکمرانی نہیں تھا اسے حق حکمرانی کیوں دیا گیا اور اب ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے حکومت کی کرپشن کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے اور ملک میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا ملائیشیا میں مسافر طیارہ حکومت کی نااہلی سے روکا گیا اور ضرورت ہے کہ حکومت کا خاتمہ ہو اور شفاف انتخابات ہوں۔ تمام شعبے زبوں حالی کا شکار ہیں اور غربت انتہا تک پہنچ چکی ہے جبکہ معیشت کی کشتی ڈوب رہی ہے اور پی ڈی ایم ایک قومی فریضہ انجام دے رہی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 5 فروری کو مظفر آباد میں یوم کشمیر منائیں گے اور 9 فروری کو حیدر آباد میں جلسہ ہوگا۔

مزیدخبریں