لاہور: سانحہ ساہیوال کیس میں ملزمان کی شناخت پریڈ کے لیے مقامی مجسٹریٹ اور جے آئی ٹی ارکان صبح 10 بجے جیل پہنچے جہاں انہوں نے مدعی مقدمہ جلیل اور کیس کے گواہان کا انتظار کیا تاہم مدعی اور گواہان جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔
مدعی مقدمہ مقتول خلیل کے بھائی جلیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہیں ہوں گے۔
جلیل نے مؤقف اپنایا کہ قائمہ کمیٹی داخلہ میں اپنی سفارشات پیش کر دی ہیں اور اپنی سفارشات میں جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ بھی کیا ہے لہٰذا ہم جوڈیشل کمیشن بننے کے بعد کمیشن میں پیش ہوں گے۔
مدعی اور گواہان کی عدم پیشی پر سول جج نے ملزمان کی شناخت پریڈ کے لیے کل کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔