ہم ٹیکنالوجی پاکستان میں لانے کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، عبدالرزاق داؤد

02:43 PM, 30 Jan, 2019

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ عبدالرزاق داؤد نے اس موقع پر بتایا کاروبار میں آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے والے ممالک میں پاکستان کی رینکنگ کو بہتر کرنا ہے کیونکہ اس وقت آسان کاروبار سے متعلق پاکستان 136 ویں نمبر پر ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان کی رینکنگ بہتر کرنے کا ہدف دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن سے متعلق بھی آسانی پیدا کر رہے ہیں اور اب ون ونڈو کے ذریعے کمپنی کی رجسٹریشن ہوا کرے گی۔ پورٹل بنایا ہے جہاں کمپنی کو تمام سہولیات ایک جگہ ملیں گی اور کاروباری طبقے کے لیے ٹیکسوں کی تعداد 47 سے 16 کر دی ہے اور ہماری ٹیم نے صوبوں کے ساتھ مل کر ٹیکسوں سے متعلق کام کیا۔

وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ بجلی کنکشن اور لوڈشیڈنگ کے اوقات سے متعلق شکایات ہیں لیکن وزارت توانائی کے ساتھ مل کر اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ اور دیگر تفصیلات ویب سائٹ پر فراہم کریں گے۔

عبدالرزاق داؤد نے مزید کہا کہ ورلڈ بینک کے انڈیکس میں بہتری کے لیے پرامید ہیں اور ہر وہ اقدام کرنا چاہتے ہیں جس سے کاروبار اور سرمایہ کاری میں معاونت ہو۔

اس موقع پر چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف کا کہنا تھا کہ سرمایہ کار جنوبی ایشیا کو دیکھ رہے ہیں اور ہم ٹیکنالوجی پاکستان میں لانے کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں اور پانچ سال میں ٹاپ 50 ممالک میں آنے کا ٹارگٹ ہے۔

مزیدخبریں