اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما سینیٹر فیصل جاوید خان کے مطابق جنوبی افریقا میں ڈیمز فنڈ ریزنگ مہم میں وزیراعظم عمران خان کا دستخط شدہ بیٹ اور گیند نیلامی کے پیش کیے جائیں گے۔
فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھی دعوت دی گئی ہے جس میں شعیب ملک، محمد حفیظ، حسن علی، شاداب خان، امام الحق اور عثمان شنواری سمیت دیگر شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیمز فنڈ ریزنگ مہم میں بیرون ملک پاکستانیوں کا جذبہ قبل تحسین ہے اور اب تک ڈیم فنڈ میں پاکستانیوں نے بڑھ چڑ کر حصہ ڈالا۔
فیصل جاوید نے اپیل کی کہ جنوبی افریقا میں بڑی تعداد میں بسنے والے پاکستانی ڈیمز فنڈ میں بھرپور حصہ ڈالیں اور وہ وقت دور نہیں جب ہم پاکستان میں پانی کے بحران پر انشاءللہ قابو پا لیں گے۔
خیال رہے کہ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے سپریم کورٹ نے فنڈ قائم کیا ہے جس میں فنڈریزنگ کا سلسلہ جاری ہے جب کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی قوم اور بیرون ملک پاکستانیوں سے اس میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔ سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ر) ثاقب نثار نے بھی مختلف ممالک میں فنڈ ریزنگ کی تقریب میں شرکت کی تھی۔