کراچی: لیفٹ آرم فاسٹ بولر رومان رئیس فٹ ہو گئے ہیں اور پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
رومان رئیس نے کراچی میں کمر کا آپریشن کرایا تھا جس کے بعد وہ اب بہتر انداز میں بحالی صحت کی جانب گامزن ہیں۔ گذشتہ سال 28 فروری کو انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف آخری میچ کھیلا تھا۔
گھٹنے اور کمر کی تکلیف کے بعد رومان رئیس نے بولنگ شروع کر دی ہے اور وہ روزانہ یو بی ایل کمپلکس میں بولنگ کر رہے ہیں۔
رومان رئیس نے مکمل فٹ ہونے کی خوشی میں گذشتہ ماہ اپنے پورے خاندان کے ساتھ عمرے کی سعادت حاصل کی تھی ۔ 27 سالہ رومان رئیس گذشتہ سال پاکستان سپر لیگ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہوئے تھے جس کے بعد انہوں نے پہلے گھٹنے کا علاج کرایا پھر کمر کا آپریشن کرایا۔
رومان رئیس پاکستان سپر لیگ کے بعد پاکستان ٹیم میں واپسی کی کوشش کریں گے اور پی ایس ایل سے قبل ایک دو پریکٹس میچ کھیلیں گے۔ 27 سالہ رومان رئیس نے پاکستان کی جانب سے 9 ون ڈے انٹرنیشنل اور 8 ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچ کھیلے ہیں۔