توہین مذہب کے الزام میں قتل ہونے والے مشعال خان کے ساتھ ہوں : ملالہ یوسف زئی

توہین مذہب کے الزام میں قتل ہونے والے مشعال خان کے ساتھ ہوں : ملالہ یوسف زئی


لندن: آکسفورڈ یونیورسٹی میں زیر تعلیم نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے کہا ہے کہ مردان کی عبدالولی خان یونیورسٹی میں توہین مذہب کے الزام میں قتل ہونے والے طالبعلم مشعال خان کے والد محمد اقبال لالا کو انصاف دلانے میں ان کے ساتھ ہیں۔


تفصیلات کے مطابق مشعال خان کے والد محمد اقبال خان نے لندن کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں ہونے والے ایک مباحثے میں شرکت کی۔اس موقع پر انہوں نے ملالہ یوسف زئی سے بھی ملاقات کی۔ملالہ یوسف زئی نے محمد اقبال لالا کے ساتھ لی گئی تصاویر کو ٹوئٹر پر شیئر کیا اور اپنے پیغام میں کہا کہ مشعال خان کے والد کو انصاف دلانے میں ہم لالا کے ساتھ کھڑے ہیں۔ملالہ نے لکھا کہ مشعال خان مردان میں ناانصافی اور کرپشن کے خلاف آواز اٹھاتا تھا، جس پر سازشی الزامات لگا کر مشتعل ہجوم نے سفاکی اور بے رحمی سے قتل کر ڈالا۔


یاد رہے کہ مشعال خان مردان کی عبدالولی خان یونیورسٹی میں صحافت کا طالب علم تھا جسے گذشتہ برس 13 اپریل کو مشتعل افراد نے توہین رسالت کا الزام لگا کر قتل کردیا تھا۔مشعال کے قتل کا کیس ہری پور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں زیرسماعت ہے، جس کا فیصلہ 7 فروری کو سنایا جائے گا۔