کابل: امریکی صدر ڈونلڈ کی جانب سے طالبان کے ساتھ مذاکرات سے انکار کے بیان کے بعد افغانستان نے بھی کابل حملے کے بعد کہا ہے کہ اب طالبان کو میدان جنگ میں ہی شکست دی جائے گی۔
افغان صدر اشرف غنی کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت نے طالبان کو مذاکرات کی پیش کش کی گئی لیکن طالبان کی جانب سے کابل میں پے درپے متعدد حملے کیے گئے اور تین روز قبل افغان دارالحکومت میں حملہ کر کے 100 سے زائد افراد کو قتل کر کے طالبان نے ریڈ لائن عبور کر لی ہے۔
صدارتی ترجمان شاہ حسین مرتضوی نے مزید کہا کہ طالبان نے ریڈ لائن کراس کر کے مذاکرات کا موقع کھو دیا ہے، اب ہمیں جنگ کے ذریعے امن تلاش کرنا ہو گا اور اس کے لیے طالبان کو شکست دینا ہو گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ طالبان اپنے دائیں بائیں لوگوں کو قتل کر رہے ہیں اور ہم طالبان کے ساتھ بات چیت کرنا نہیں چاہتے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر ردعمل میں طالبان نے کہا ہے کہ وہ کبھی بھی امریکا سے مذاکرات نہیں کرنا چاہتے.