زینت امان نے ہراساں کرنے پر بزنس مین کیخلاف شکایت درج کروا دی

02:26 PM, 30 Jan, 2018

ممبئی: بالی ووڈ کی لیجنڈ اداکارہ زینت امان نے بھارتی بزنس مین کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے کےخلاف پولیس میں شکایت درج کرا دی ہے۔ بھارت میں خواتین اور بچیوں کو ہراساں کرنا ان کا پیچھا کرنا اور راہ چلتے انہیں پریشان کرنا معمول کی بات ہے۔ بھارتی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی نامور اور مقبول اداکارائیں بھی محفوظ نہیں۔ آئے روز اداکاروں کے ساتھ زیادتی اور انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے کے واقعات رپورٹ ہوتے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق حال ہی میں بالی ووڈ کی ماضی کی نامور اداکارہ زینت امان نے بھی بھارتی بزنس مین کے خلاف انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے کے لیے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔

منگل کو 66 سالہ اداکارہ نے ممبئی کے جوہو پولیس اسٹیشن میں بھارتی بزنس مین امر کھنہ کے خلاف انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے، بدسلوکی کرنے اور پیچھا کرنے کے خلاف شکایت درج کرائی ہے جبکہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ امر کھنہ اور زینت امان بہت اچھے دوست رہ چکے ہیں تاہم کسی بات پر دونوں کا جھگڑا ہوا اور تعلقات میں کشیدگی آ گئی۔ اسی وقت سے زینت امان کی امر کھنہ سے بات چیت بند ہے تاہم امر کھنہ مسلسل اداکارہ کو فون کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ان کا پیچھا بھی کر رہے ہیں۔ جب زینت امان امر کھنہ سے پیچھا چھڑانے میں ناکام ہو گئیں تو انہوں نے ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرانے کا فیصلہ کیا۔

پولیس نے بھارتی پینل کوڈ کے تحت امر کھنہ کے خلاف سیکشن 304 ڈی کے تحت پیچھا کرنے اور 509 کے تحت خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے خلاف شکایت درج کی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں