ایون فیلڈ پراپرٹیز ضمنی ریفرنس، نواز شریف کے وکیل کے اعتراضات مسترد

12:57 PM, 30 Jan, 2018

اسلام آباد: احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کے دوران سابق وزیراعظم کے وکیل کی جانب سے ایون فیلڈ پراپرٹیز کے ضمنی ریفرنس پر اٹھائے گئے اعتراضات کو مسترد کر دیا۔ شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔ سماعت کے دوران نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے نیب کی جانب سے ایون فیلڈ پراپرٹیز کے ضمنی ریفرنس پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی ریفرنس میں کوئی نئی بات شامل نہیں، اسے نواز شریف کی ذات کو ٹارگٹ کرنے کے لیے داخل کیا گیا۔

خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ عبوری ریفرنس جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں دائر ہوا اور ضمنی ریفرنس باہمی قانونی مشاورت کے جواب کے نتیجے میں دائر ہونا تھا۔ خواجہ حارث نے عدالت کے روبرو کہا کہ نیب نے خود کہا تھا کہ نئے اثاثے یا شواہد ملنے پر ضمنی ریفرنس دائر ہو گا لہذا ضمنی ریفرنس سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق نہیں۔ جس پر ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب نے کہا کہ کوئی ایک ایسی بات بتا دیں جو ضمنی ریفرنس میں دہرائی گئی ہو۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب کا مزید کہنا تھا کہ تمام اعتراضات بتا دیں تاکہ ایک ہی بار اس کا جواب دیا جائے۔ دوسری جانب مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے اعتراض اٹھایا کہ عبوری ریفرنس میں مریم نواز کو بینیفشل اونر کہا گیا جبکہ دوسرے ریفرنس میں ایسی کوئی بات نہیں کہی گئی۔

احتساب عدالت نے نیب کے ضمنی ریفرنس پر اعتراضات کے حوالے سے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ  کیا تھا جو آج 12 بجے سنایا گیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں