محمد زبیر عمر گورنر سندھ مقرر ،صدرمملکت نے سمری پر دستخط کردئیے

10:40 PM, 30 Jan, 2017

اسلام آباد:  وفاقی حکومت نے وزیر مملکت اور چیرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر عمر کو گورنر سندھ مقرر کردیا ہے. صدر مملکت نے وزیراعظم کی ارسال کی گئی تعیناتی کی سمری پر دستخط کردئیے. گورنر سندھ کا عہد سابق گورنر سعید الزماں صدیقی کے انتقال کے بعد سے خالی تھا۔ نیو نیوز کے مطابق صدر اور وزیراعظم ملاقات میں محمد زبیر کو گورنر سندھ کے عہدے پر تعینات کرنے کا فیصلہ ہوا. ان کی حلف برداری جمعرات کو متوقع ہے۔  وہ سندھ کے 32 ویں گورنر ہوں گےان کی تعیناتی کی سمری ایوان صدر کو موصول ہوئی تھی جس پر صدرمملکت ممنون حسین نے دستخط کردئیے.

محمد زبیر کا تعلق مسلم لیگ نواز سے ہے جبکہ ان کے بھائی اسد عمر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہیں۔ڈاکٹر عشرت العباد خان کے بعد گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے والے جسٹس(ر)سعید الزماں صدیقی 11 جنوری 2017 کو شدید علالت کے باعث انتقال کر گئے تھے. وہ محض 2 ماہ اس عہدے پر فائز رہے. ان کے بعد سے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی قائم مقام گورنر سندھ کے عہدے پر تعینات تھے. خیال رہے کہ سابق گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کے انتقال کے بعد بہت سی شخصیات کو نیا گورنر سندھ بنانے کے بارے میں چہ مگوئیاں ہو رہی تھیں تاہم یہ قرعہ محمد زبیر کے نام نکل آیا ہے.

دوسری جانب محمد زبیر عمر کا کہنا تھا کہ سندھ بہت حساس صوبہ ہے اس میں مختلف زبان بولنے والے افراد رہتے ہیں جن کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا اسی لیے کوشش کروں گا کہ سندھ سے متعلق جو ترجیحات ہوں ان پر پورا اتر سکوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال گزشتہ 20 ، 25 سال سے اچھی نہیں تھی جو ہماری حکومت میں کراچی آپریشن کے بعد بہتر ہوئی اور اب سب سے بڑا چیلنج شہر کو معاشی حب کی صورت میں واپس لانا ہے۔

مزیدخبریں