سکھر : قوت سماعت سے محروم 400 بچوں کوبیک وقت تعلیم فراہم کرنے کے علاوہ زندگی کے ہر شعبے میں مہارت سے ہمکنار کرنے کے لئے جدید تربیت دینے کا سلسلہ جاری ہے، صلاحیتوں سے عارضی طور پر محروم یہ بچے اب ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا سکیں گے۔سکھر کے علاقے سائیٹ ایریا میں قائم ڈیف ریچ اسکول میں گزشتہ کئی برسوں سے سینکڑوں ایسے بچے جو قدرتی صلاحیتوں سے محروم ہونے کے باوجود جذبہ حب الوطنی، معاشرتی ترقی سے ہمکنار ہیں انہیں دنیا کے ساتھ قدم ملاکر چلنے کے لئے بہتر تعلیم اور فنی تربیت فراہم کرنے کا عمل جاری ہے جس میں مجموعی طور پر400 سے زائد بچوں کو کوکنگ، سلائی، کڑاہی، آرٹس، پینٹنگ، دستکاری سمیت کمپیوٹر کی جدید تربیت شامل ہے۔
اسکول انتظامیہ کے مطابق اس تربیتی سینٹر میں سکھر کے علاوہ گھوٹکی، خیرپور، شکارپور اور دیگر اضلاع کے قوت سماعت سے محروم بچوں کو تربیت دی جا رہی ہےتاک ہ وہ معاشرے کے کسی بھی شعبے میں اپنا لوہا منواسکیں۔
ڈیف ریچ اسکول میں بچوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں سندھ حکومت کے علاوہ مختلف این جی اوز بھی اپنا کردار ادا کررہی ہیں، اس ضمن میں تعلیم کو فروغ دینے کے لئے دیگر اساتذہ کے ہمراہ قوت سماعت سے محروم اساتذہ کوبھی مقرر کیا گیا ہے، تا کہ طلبا و طالبات زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کر سکیں۔