مونگ پھلی انسانی جسم کے مدافعتی نظام کی قوت میں اضافہ کرتی ہے،مصری ڈاکٹر

12:13 PM, 30 Jan, 2017

قاہرہ :  مصری ڈاکٹر مجدی بدران نے کہا ہے کہ تحقیق سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ مونگ پھلی ایسے اہم اور بڑے غذائی عناصر سے بھرپور ہوتی ہے جو انسانی جسم کے مدافعتی نظام کی قوت میں اضافہ کرتے ہیں۔ العریبہ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مونگ پھیلی دل اور خون کی شریانوں کے امراض ، الزائمر اور سرطان سے بچاتی ہے اور بڑھاپے کے اثرات کو کم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مونگ پھلی میں 25% پروٹین ہوتے ہیں جو انسانی جسم میں خلیوں کے مجموعوں کی تجدید کرتے ہیں۔ مونگ پھلی میں متعدد غذائی عناصر پائے جاتے ہیں جن میں فولک ایسڈ ، تانبہ ، نیاسِن اور کئی وٹامن شامل ہیں۔ یہ دل اور شریانوں کا تحفظ کرتے ہیں ، نقصان دہ کولسٹرول کو کم کرتے ہیں اور جرثوموں اور زہریلے مواد سے بچاتے ہیں۔ڈاکٹر بدران نے بتایا کہ مونگ پھلی کا چھلکا اینٹی آکسیڈنٹس کا حامل ہوتا ہے۔
اس کا روغن پروٹین ، اینٹی آکسیڈنٹس اور جسم کے لیے اہم معدنیاتی نمکیات سے بھرپور ہوتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ مونگ پھلی میں ریشے کی بھی وافر مقدار پائی جاتی ہے جو وزن کم کرنے اور دمے سے تحفظ فراہم کرنے میں مددگار ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قدرت کا یہ انمول تحفہ اپنے اندر ٹرپٹوفان بھی رکھتا ہے جو جسم میں سیروٹونِن مادہ پیدا کرتا ہے۔ یہ مادہ انسان کو مایوسی اور اعصابی تناو کی حالت سے بچا کر مزاج کو نارمل رکھتا ہے۔

مزیدخبریں