سگریٹ نوشی کی تباہ کن حقیقت: ایک سگریٹ سے عمر میں 20 منٹ کا نقصان

04:43 PM, 30 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

لندن: تمباکو نوشی سے ہونے والے سنگین صحت کے مسائل سے تو ہم سب واقف ہیں، لیکن صرف ایک سگریٹ پینے کے بعد آپ کی زندگی پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟ اس سوال کا جواب برطانیہ میں ہونے والی حالیہ تحقیق میں دیا گیا ہے۔

لندن کالج یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق، ہر سگریٹ پینے سے ایک شخص کی زندگی میں 20 منٹ کا خسارہ ہو جاتا ہے۔ یعنی اگر کوئی فرد روزانہ ایک پورا پیکٹ (20 سگریٹ) پیتا ہے تو اس کی زندگی تقریباً 7 گھنٹے تک کم ہو سکتی ہے۔

تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ تمباکو نوشی کی عادت ترک کرنے سے ایک فرد اپنی زندگی میں نمایاں اضافہ کر سکتا ہے۔ اگر کوئی شخص روزانہ 10 سگریٹ پیتا ہے اور یکم جنوری کو یہ عادت ترک کرتا ہے، تو 5 فروری تک اس کی زندگی میں ایک ہفتہ کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ اگر یہ عادت 5 اگست تک ترک کی جائے تو ایک ماہ کا اضافہ ممکن ہے، اور سال کے اختتام تک تقریباً 50 دن کی اضافی زندگی حاصل کی جا سکتی ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ لوگ جانتے ہیں کہ تمباکو نوشی نقصان دہ ہے، مگر انہیں اس کے فوری اثرات کا علم نہیں ہوتا۔ ہر سال تمباکو نوشی کرنے والے افراد اپنی اوسطاً زندگی کے 10 قیمتی سال کھو دیتے ہیں۔

اس تحقیق کے لیے برسٹل ڈاکٹرز سٹڈی کے ڈیٹا کا استعمال کیا گیا، جو 1951 میں شروع ہوئی تھی اور 1996 تک جاری رہی۔ اس سے قبل، 2000 میں برٹش میڈیکل جرنل میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں کہا گیا تھا کہ ایک سگریٹ پینے سے عمر میں 11 منٹ کی کمی آتی ہے، تاہم اس نئی تحقیق کے مطابق، مردوں کی عمر میں 17 منٹ اور خواتین کی عمر میں 22 منٹ کا نقصان ہوتا ہے۔

محققین نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ تمباکو نوشی کو مکمل طور پر ترک کرنے کی کوشش کریں تاکہ صحت پر اس کے منفی اثرات کم ہوں۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی عمر میں تمباکو نوشی کو ترک کرنا صحت کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے، لیکن جتنا جلدی یہ عادت ترک کی جائے، اتنا ہی بہتر ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل آف ایڈکشن میں شائع ہوئے ہیں، جہاں اس عادت کے اثرات اور ترک کرنے کی اہمیت کو واضح کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں