کرم امن معاہدے میں ڈیڈ لاک ختم ہونے کا امکان، عمائدین دستخط کرنے پر راضی

کرم امن معاہدے میں ڈیڈ لاک ختم ہونے کا امکان، عمائدین دستخط کرنے پر راضی

ڈی آئی خان:کرم امن معاہدے میں ڈیڈ لاک کے خاتمے کی امید پیدا ہو گئی ہے، اور عمائدین نے معاہدے کے مسودے پر دستخط کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ حکومتی اراکین اور عمائدین کے درمیان امن جرگہ کل منگل کے روز دوبارہ منعقد ہوگا، جس میں مسئلے کے حتمی حل کی توقع کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق، امن معاہدے پر دستخط کے عمل میں رکاوٹیں پیدا ہو رہی تھیں، جس کے باعث ایک فریق کے عمائدین نے ابھی تک دستخط نہیں کیے تھے۔ تاہم، اب ان عمائدین کو مسودے پر دستخط کے لیے راضی کر لیا گیا ہے، جس سے ڈیڈ لاک کے ختم ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے۔

دوسری جانب، پشاور تا پاراچنار مرکزی شاہراہ گزشتہ ڈھائی ماہ سے بند ہے، جس کی وجہ سے پاراچنار اور اپر کرم کے دیہات کے لوگوں کو خوراک اور ادویات کی فراہمی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ مرکزی سڑک کی بندش کے خلاف پاراچنار پریس کلب اور دیگر مقامات پر دھرنے جاری ہیں، جن میں عوام نے فوری طور پر سڑک کی بحالی اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

منتخب نمائندوں اور پاراچنار اسپتال کے ایم ایس کا کہنا ہے کہ ادویات کی کمی اور علاج کی سہولتوں کی عدم فراہمی کے باعث مریضوں کی اموات میں اضافہ ہو رہا ہے، خاص طور پر بچوں کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔

علاوہ ازیں، کرم کے متاثرین اور پاراچنار پریس کلب کے زیر اہتمام کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور، جھنگ، گلگت اور مظفرآباد سمیت دیگر شہروں میں بھی دھرنے جاری ہیں۔ ان مظاہروں میں عوام نے حکام سے فوری طور پر سڑکوں کی بحالی اور عوامی مسائل کے حل کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری طرف، گرینڈ جرگہ میں سڑکوں اور راستوں کی بحالی پر ڈیڈ لاک برقرار ہے، تاہم حکومت کے زیرسایہ کوہاٹ میں ہونے والے جرگہ کے دوبارہ آغاز کی توقع کی جا رہی ہے، جس میں فریقین کے درمیان مستقل امن و امان کے قیام، ہتھیاروں کے خاتمے اور تمام سڑکوں کو کھولنے کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق، گرینڈ جرگہ ڈیڈلاک کے خاتمے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے، اور امید کی جا رہی ہے کہ امن معاہدے پر دستخط کے عمل میں رکاوٹیں دور ہو جائیں گی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اسلحہ کی حوالگی کے حوالے سے کچھ مشران ابھی تک راضی نہیں ہیں، تاہم اس بات پر اتفاق ہو چکا ہے کہ اسلحہ حکومت کے سامنے سرنڈر کیا جائے گا، جو کہ معاہدے کا ایک اہم جزو ہوگا۔

مصنف کے بارے میں