پنجاب میں ترقی کی سیاست کا رجحان، فتنہ اور احتجاج کی سیاست کی کوئی جگہ نہیں: عظمیٰ بخاری

پنجاب میں ترقی کی سیاست کا رجحان، فتنہ اور احتجاج کی سیاست کی کوئی جگہ نہیں: عظمیٰ بخاری

لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام فتنہ، احتجاج اور انتشار کی سیاست کو مسترد کرتے ہیں اور وہ ہمیشہ ترقی، خوشحالی اور امن کی سیاست کو ترجیح دیتے ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کا حکومتی امور چلانے کا ایک سال مکمل ہونے کو ہے اور ان کے اقدامات نے صوبے میں مثبت تبدیلیاں لائی ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ثابت کیا ہے کہ حکومتی کارکردگی کے لیے تجربے سے زیادہ اہلیت، نیک نیتی اور عوامی خدمت کا جذبہ ضروری ہے۔ ان کے اقدامات نے پنجاب میں ترقی کے نئے دروازے کھولے ہیں، اور یہ سال عوام کے لیے خوشخبریوں کا سال ثابت ہو رہا ہے۔ اسٹاک ایکسچینج میں 1400 پوائنٹس کا اضافہ، مہنگائی میں کمی اور دیگر اقتصادی ترقی کے اشارے اس بات کا ثبوت ہیں کہ صوبے میں بہتری آرہی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کے عوام نے ہمیشہ امن و سکون اور ترقی کی سیاست کو پسند کیا ہے، اور وہ حالات خراب کرنے والی سیاست کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کے کرم اور پاراچنار کے حالات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں عوام نے ہمیشہ ترقی کی راہ پر چلنے والی سیاست کو سپورٹ کیا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں صوبے میں کئی اہم اقدامات شروع کیے گئے ہیں، جن میں رمضان پیکیج، روٹی کی قیمت کا تعین، ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز اور 27 ہزار طلبہ کو الیکٹرک بائیکس کی تقسیم شامل ہیں۔ ان اقدامات کے ذریعے عوام کی زندگیوں میں آسانی آئی ہے اور یہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے عوامی خدمت کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 50 ہزار طلبہ کو سکالرشپس دینے کا پروگرام شروع کیا گیا ہے اور دو ماہ کے بجلی بلوں میں 54 ارب روپے کا ریلیف غریب عوام کو دیا گیا ہے۔ "اپنی چھت، اپنا گھر" سکیم کے تحت 15 لاکھ روپے تک کے قرضے دیے جا رہے ہیں تاکہ عوام اپنے گھروں کا خواب پورا کر سکیں۔

عظمیٰ بخاری نے پنجاب میں کسانوں کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 30 ارب روپے سے زائد کی خریداری کی گئی ہے اور گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت ہزاروں کسانوں کو ٹریکٹر دیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے شرمز فارمنگ کے قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ زرعی شعبے میں ترقی کر سکیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں غذائی قلت کے شکار بچوں کے لیے نیوٹریشن پروگرام شروع کیا گیا ہے اور سکولوں کی تنظیم نو کی جا رہی ہے، جس سے نئے سکولوں کی تعمیر اور تعلیمی معیار کی بہتری ممکن ہو گی۔

عظمیٰ بخاری نے لاہور میں ماحولیاتی تحفظ کے لیے سموگ ٹاور اور ماڈل فش مارکیٹ کے قیام کی خبر دی اور کہا کہ پنجاب میں سبزی منڈی کالاشاہ کاکو کے قریب ایک نئی سبزی منڈی بنائی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی "دھی رانی پروگرام" کے تحت بچیوں کو گھریلو سامان فراہم کیا جائے گا اور وزیراعلیٰ مریم نواز خود ان بچیوں کی شادیوں میں شرکت کریں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ سرا کمیونٹی کے لیے بھی ایک نیا پروگرام شروع کیا گیا ہے اور بچوں کی ہارٹ سرجریوں کا آغاز کیا گیا ہے، جس کے تحت 500 سے زائد بچوں کی ہارٹ سرجری کی جا چکی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کی خدمت میں مصروف ہے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مزید ترقیاتی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کی زندگیوں میں مزید بہتری لائی جا سکے۔

مصنف کے بارے میں