امریکا کے سابق صدر جمی کارٹر انتقال کر گئے

امریکا کے سابق صدر جمی کارٹر انتقال کر گئے

واشنگٹن : امریکا کے سابق صدر جمی کارٹر 100 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کا انتقال اتوار کی دوپہر جارجیا میں اپنے گھر پر ہوا۔ جمی کارٹر، جو جارجیا کے مونگ پھلی کے کاشتکار تھے، 39 ویں امریکی صدر تھے اور انہوں نے 1977 سے 1981 تک امریکا کی صدارت کے فرائض انجام دیے۔

جمی کارٹر کا تعلق ڈیموکریٹک پارٹی سے تھا اور بطور صدر، وہ امریکا کی خراب معیشت اور ایران یرغمالی بحران کا سامنا کر رہے تھے۔ انہوں نے اسرائیل اور مصر کے درمیان امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں انہیں 2002 میں امن کے لیے نوبیل انعام سے نوازا گیا تھا۔ جمی کارٹر 100 سال کی عمر پانے والے پہلے امریکی صدر تھے۔ ان کی سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کا اعلان امریکی صدر جو بائیڈن نے کیا ہے۔

جمی کارٹر یکم اکتوبر 1924 کو ریاست جارجیا کے شہر پلنز میں پیدا ہوئے اور بچپن جارجیا کے شہر آرچری میں گزارا۔ 1946 میں امریکی نیول اکیڈمی سے گریجویشن کے بعد انہوں نے امریکی بحریہ میں ملازمت اختیار کی، جہاں وہ ایک آبدوز کا حصہ رہے۔ بعد ازاں، سیاست میں قدم رکھا اور ریاست جارجیا کی قانون ساز اسمبلی میں منتخب ہوئے، پھر 1971 میں جارجیا کے گورنر بنے۔ 1976 کے صدارتی انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد وہ امریکا کے صدر بنے۔

مصنف کے بارے میں