اسلام آباد: قومی اسمبلی سے سوسائٹیز رجسٹریشن (ترمیمی) ایکٹ 2024 کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے اس اقدام کو دینی مدارس کے تحفظ کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ "یہ دن ہماری محنت اور جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ اللہ کے فضل سے ہم نے مدارس کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کی راہ ہموار کی ہے۔" انہوں نے اس کامیابی کو علما اور دینی اداروں کے اتحاد کا ثمر قرار دیا۔
نئے قانون کے تحت غیر رجسٹرڈ مدارس کو 6 ماہ کے اندر رجسٹر کرانا ہوگا، تاکہ انہیں قانونی حیثیت دی جا سکے۔
ترجمان نے کہا کہ جے یو آئی دینی مدارس کی خود مختاری کی حفاظت کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی اور کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
اسلم غوری نے کہا کہ مدارس دینیہ نہ صرف اسلام کے قلعے ہیں بلکہ پاکستان کے نظریاتی جغرافیے کے محافظ بھی ہیں۔
صدر مملکت کے دستخط کے بعد سوسائٹیز رجسٹریشن (ترمیمی) ایکٹ 2024 فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اس کا گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
جے یو آئی نے اس قانون کے نفاذ کو دینی مدارس کے تحفظ اور خود مختاری کے لیے ایک بڑا قدم قرار دیا اور کہا کہ وہ ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے تاکہ مدارس کے حقوق کو یقینی بنایا جا سکے۔