ایاز صادق کو ٹکٹ دیا تو میں آزاد لڑوں گا: شیخ روحیل اصغر ،مسلم لیگ ن میں ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات

ایاز صادق کو ٹکٹ دیا تو میں آزاد لڑوں گا: شیخ روحیل اصغر ،مسلم لیگ ن میں ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات
سورس: File

لاہور : مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی اندرونی کہانی نیو نیوز سامنے لے آیا۔ شیخ روحیل اصغر لیگی قیادت کے سامنے ڈٹ گئے ۔کہا ایاز صادق کو ٹکٹ دیا تو میں آزاد لڑوں گا۔ 

پارلیمانی بورڈ کے آخری  اجلاس میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 121 میں ٹکٹ کی تقسیم کا معاملے پر اختلافات کھل کر سامنے آ گئے۔شیخ روحیل اصغر کا کہنا تھا کہ حلقہ این اے 121 میرا آبائی حلقہ ہے، میں یہاں سے ہی الیکشن لڑوں گا۔آزاد حیثیت میں بھی الیکشن لڑنا پڑا تو لازمی لڑوں گا۔ 

شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ میرے آباو اجداد اسی حلقے سے انتخابات لڑتے رہے اور میں بھی یہیں سے سیاست کرتا رہا ہوں۔ 2018 میں میرے حلقے کا کچھ حصہ ایاز صادق کے حلقے میں شامل ہوا تو میں نے اپنے کارکنوں کے ہمراہ خود ایاز صادق کی مہم چلائی تھی۔

  

شیخ روحیل اصغر کا کہنا تھا کہ اب بمشکل مجھے میرا اصل حلقہ واپس ملا ہے تو میں اپنے روایتی آبائی حلقے سے کیوں الیکشن نہ لڑوں؟  میں نے کسی اور حلقے سے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروا رکھے، اس لئے میں اپنے اسی حلقے سے ہی الیکشن لڑوں گا ۔ 

اجلاس میں سردار ایاز صادق نے اپنے پرانے اور نئے حلقے کے اعداد و شمار پارلیمانی بورڈ کے سامنے پیش کئے ۔سردار ایاز صاد ق کا کہنا تھا کہ  میرے پرانے حلقہ کا کم و بیش 56 فیصد حصہ نئی حلقہ بندیوں میں  این اے 121 میں شامل ہو چکا ہے۔میں ہر صورت میں پارٹی ڈسپلن کا پابند ہوں، ٹکٹ پر قیادت کا ہر فیصلہ منظور ہو گا ۔ 

ن لیگی قیادت شیخ روحیل اصغر اور سردار ایاز صادق کے ایک ہی حلقے سے ٹکٹ کے مطالبے پر امتحان میں پڑ گئی۔ پارلیمانی بورڈ نے سفارش کی کہ  این اے 121 میں ٹکٹ کا حتمی فیصلہ قائد نواز شریف خود کریں ۔ 

مصنف کے بارے میں