پشاور: الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان کیس کے متعلق فیصلے پر پشاور ہائیکورٹ میں نظرثانی کی اپیل دائر کردی۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے پشاور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان کے حوالے سے دو الگ الگ درخواستیں دائر کرا دیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سےایک درخواست پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات اور انتخابی نشان سے متعلق دائر کرائی گئی جس میں الیکشن کمیشن نے عدالت سے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کی ہے۔
جبکہ دوسری درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہےکہ چھٹیوں کے دوران ہی ڈویژنل بینچ بناکر درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کیاجائے۔
واضح رہےکہ پشاورہائیکورٹ نے پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات اور انتخابی نشان سے متعلق الیکش کمیشن کافیصلہ معطل کرتے ہوئے تحریک انصاف کو انتخابی نشان بلا بحال کیا تھا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ عدالتی چھٹیوں کے بعد جو پہلا ڈویژنل بینچ تشکیل دیا جائے گا اس میں کیس پر مزید سماعت ہوگی۔