شہباز شریف اور بلاول بھٹو کے کا غذات نامزدگی منظور یا مسترد، فیصلہ آج متوقع

08:46 AM, 30 Dec, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: انتخابات کے لیے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج آخری روز ہے،  صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف اورپاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو کے کاغذات منظور یا مسترد ہونے کے فیصلے بھی آج متوقع ہیں۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے این اے 242 سے کاغذاتِ نامزدگی پر پیپلز پارٹی کے امیدوار مسعود خان مندوخیل کی جانب سے دائر اعتراض میں کہا گیا کہ شہباز شریف نے وزیراعظم کی حیثیت سے تنخواہ اور مراعات لینے کا ذکر نہیں کیا، بیرون ملک جائیداد اور بیوی بچوں کو قرض دینے کا منی ٹریل بھی نہیں ہے جبکہ ن لیگ کے رہنما رانا مشہود کا کہنا کہ اعتراضات کی تفصیلات شہباز شریف ضمانت کیس میں موجود ہیں۔

این اے 127 لاہور سے بلاول بھٹو زرداری کے کاغذاتِ نامزدگی پر اعتراض کا جواب جمع کروا دیا گیا ہے، بلاول کے کاغذاتِ نامزدگی میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز لکھا جانا انسانی غلطی ہے، اعتراض کنندہ اس حلقے کا نہیں نارووال کا رہائشی ہے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب مخصوص  نشستوں کیلئے الیکشن شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔مخصوص نشستوں پر کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی تاریخ 13 جنوری تک بڑھا دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیل 3 جنوری تک کی جا سکے گی۔  اپیلوں پر انتخابی ٹریبونل 10 جنوری تک فیصلہ کریں گے، امیدوار اپنے کاغذات 12 جنوری تک واپس لے سکیں گے۔

امیدواروں کو انتخابی نشان 13 جنوری کو دیے جائیں گے، عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں 28 ہزار 626 کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے گئے تھے۔

مزیدخبریں