اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے عدالتی فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ اپیل دائر نہ ہو سکی

11:54 PM, 30 Dec, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے عدالتی فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر نہیں کی جا سکی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں صرف انفارمیشن سینٹر کھلا تھا اور ہائیکورٹ کے تمام دفاتر بند ہوگئے جبکہ عدالتی عملہ روانہ ہو گیا جس کے باعث اپیل دائر نہ ہو سکی اور اب کل اپیل دائر کئے جانے کا امکان ہے۔ 
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 31 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے رکھا ہے تاہم وفاقی حکومت نے عدالتی حکم پر بلدیاتی انتخابات کیلئے سکیورٹی کی فراہمی سے معذرت کر لی ہے۔ 
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے اس ضمن میں جاری کئے گئے بیان میں کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں لیکن یہ قابل عمل نہیں اور کل انتخابات نہیں ہو سکتے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ اتنے کم وقت میں اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانا ممکن نہیں ہے، 1000 پولنگ سٹیشنز پر اسلام آباد پولیس کو تعینات نہیں کر سکتے بلکہ ہمیں رینجرز اور ایف سی کو بھی الیکشن کیلئے بلانا ہے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ اب تو الیکشن کا نیا شیڈول جاری ہو سکتا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے کیونکہ ایک ہزار پولنگ سٹیشنز کیلئے کم وقت میں انتظامات نہیں کر سکتے۔ 

مزیدخبریں