بارش کا نیا سسٹم 31دسمبرسے ملک میں داخل ہوگا: محکمہ موسمیات

بارش کا نیا سسٹم 31دسمبرسے ملک میں داخل ہوگا: محکمہ موسمیات

کراچی: بارش کا نیا مغربی سسٹم 31دسمبر کو  ملک میں داخل ہوگا،نیا سلسلہ سابقہ سسٹم سے زیادہ طاقتور ہے  جس سےسردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگا ۔

محکمہ موسمیات  نے کراچی میں 5 اور 6 جنوری کوموسم سرما کی دوسری بارش ہونے کی پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کراچی کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ بارش اور ہواؤں کا سسٹم بلوچستان کے اضلاع پر زیادہ شدت سے اثرانداز ہوگا جبکہ سسٹم ملک کے شمالی علاقوں میں بھی بارش کا باعث بن سکتا ہے ،انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ کراچی میں 3 جنوری تک سرد ہوائیں مسلسل چل سکتی ہیں ،اس دوران دن کے وقت مطلع صاف اور رات میں سرد رہنے کا امکان ہےجبکہ شہر کا کم سے کم پارہ 10 سے 12 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیا ت کے مطابق آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 11.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، نئے مغربی سلسلے کے سبب شہر میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی اور کہیں تیز بارش متوقع ہے ۔4 جنوری سے شہر میں سسٹم کے تحت بونداباندی اور پھوار متوقع ہے ۔ بارش کا نیا مغربی سسٹم 31 دسمبر کو بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہوگا۔
دوسری جانب وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید سرد اورمطلع ابر الود رہے گا۔ دالبندین، نوشکی،چاغی،اور کوئٹہ میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
آج صبح بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت وادی کوئٹہ میں منفی6 ،زیارت میں منفی 5 ،قلات میں منفی7، گوادر میں 16،سبی میں2،نوکنڈی میں4ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ کوئٹہ میں ہوا میں نمی کا تناسب 16فیصد، گوادر54فیصد، سبی میں ہوا میں نمی کا تناسب34 فیصدریکارڈ کیا گیا۔

برفباری کے باعث سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ہے  جس کے بعد لوئر دیر  کے پرفضا مقام لقمان بانڈہ  میں سیاحوں نے ڈیرے  ڈال لئے ہیں۔