اسلام آباد:وفاقی حکومت نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی تشکیل نو کر تے ہوئے مفتی منیب الر حمن کو چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے عہدے سے ہٹا دیا جبکہ عبدالخبیر آزاد نئے سربراہ مقررکردیئے گئے ۔
وفاقی حکومت کی جانب سے جاری نو ٹیفکیشن کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی چیئرمین سمیت 19 ارکان پر مشتمل ہو گی جبکہ مولانا عبدالخبیر آزاد کو چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مقرر کیا گیا ہے۔ کمیٹی میں ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، علامہ محمد حسین اکبر، مولانا فضل الرحیم، ڈاکٹر یاسین ظفر، مفتی محمد اقبال چشتی اور ڈاکٹر مفتی علی اصغر شامل ہوں گے۔مفتی فیصل احمد، سید علی قرار نقوی اور مفتی یوسف کشمیری کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق حافظ عبدالغفور، مفتی فضل جمیل رضوی، قاری میر اللہ، صاحبزادہ حبیب اللہ چشتی اور مفتی ضمیر ساجد بھی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے رکن ہوں گے۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی میں سپارکو، محکمہ موسمیات کے نمائندے بھی شامل ہوں گے جبکہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور وزارت مذہبی امور کے نمائندے بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔