لاہور : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ایک اناڑی کھلاڑی کو لا کر عوام پر مسلط کر دیا گیا جبکہ معیشت، گورننس ، خارجہ پالیسی اور نوجوانوں کو تباہ کر دیا ہے۔ اب ہم ان کو پاکستان نہیں تباہ کرنے دیں گے کیونکہ 2019 کو اس حکومت نے کشمیر کا سودا کیا اور کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کر دیا۔ کیا نئے پاکستان میں دفاع اتنا کمزور ہو گیا ہے کہ کشمیر کو ہڑپ کر لیا۔ مسلم لیگ ن کے سیکریٹری احسن اقبال نے پارٹی یوم تاسیس کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کشمیر کا سودا عمران نیازی کی امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات میں طے ہوا اور عمران نیازی کشمیر کا غدار ہے لیکن ہم کسی صورت بھی کشمیر کا سودا نہیں کرنے دیں گے ۔
انہوں نے کہا پاکستان میں سول ملٹری افراد نے قبضہ کر لیا ہے اور یہ وہی رویہ ہے کہ1971میں مشرقی پاکستان ہم سے جدا ہوا اور اکثریت اقلیت سے جدا ہو گئی ۔ یہ تاریخ کا بہت بڑا حادثہ تھا ۔ انہوں نے کہا کہ مشرقی پاکستان ہم سے اس لئے جدا ہوا کیونکہ وہ سمجھتے تھے کہ ان کو تسلیم نہیں کیا جاتاہے ، ہمارے ووٹ کی عزت نہیں کی جاتی اور جب ہم نے ان کی بات نہیںمانی تو پاکستان ٹوٹ گیا۔
احسن اقبال نے کہا آج پاکستان میں بھی لوگوں کے ووٹ کو ردی کی ٹوکری میں پھینکا جاتا ہے اور چھوٹے صوبے کہتے ہیں کہ ان کے حق پر ڈاکہ ڈالاجاتا ہے جبکہ آج تو سب سے بڑے صوبے پنجاب کے ووٹوں پر بھی ڈاکہ ڈالا گیاہے ، پنجاب کے لوگوں نے مسلم لیگ ن کو ووٹ دیا لیکن اسے ردی کی ٹوکری میں پھینک کر عثمان بزدار کی صورت میں تباہی مسلط کر دی گئی ہے ۔2018 میں لوگوں نے مسلم لیگ کو ووٹ دیا جس حکومت نے لوڈ شیڈنگ ختم کی، مہنگائی ختم کی، دہشتگردی کو ختم کیا، اگر وہ حکومت چل رہی ہوتی تو آج ملک میں9صنعتی زون چل رہے ہوتے لیکن ایک اناڑی کھلاڑی کو لا کر مسلط کر دیاگیا۔
بشکریہ(نئی بات)