پی ڈی ایم کو اسرائیل سے امداد مل رہی ہے، حلیم عادل شیخ کا دعویٰ

PDM is getting aid from Israel, claims Haleem Adil Sheikh
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کو اسرائیل سے امداد مل رہی ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے اپوزیشن پر سخت تنقید کی اور کہا کہ کیا پدی اور کیا پدی کا شوربہ، پی ڈی ایم یہ مفاد پرست اور کرپٹ لوگوں کا ٹولہ ہے۔ کل ان کا جنازہ نکل چکا ہے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس سلطان راہی کی بڑھکوں سے زیادہ نہیں تھی۔ پی ڈی ایم کی ہانڈی بیچ چوراہے میں پھوٹ چکی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ میں اپنی منی ٹریل جمع کرائی۔ عدالت عالیہ نے انھیں صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ دیا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی طاقت مدرسے کے معصوم طلبہ ہیں جبکہ عمران خان کے ساتھ ملک کے عوام ہیں۔ مولانا اگر صرف مسجد کے خطیب ہوتے اور دین کی خدمت کرتے تو انھیں کوئی نہ پوچھتا۔ انہوں نے جے یو آئی کے سربراہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان آپ پر حملہ اسلام پر حملہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ جے یو آئی (ف) گروپ کے سربراہ ہیں۔ آپ علی امین گنڈا پور کے ہاتھوں شکست خوردہ ہیں۔ آپ کی سازش بے نقاب ہو چکی ہے۔ مولانا اپنی سیاست میں کسی کا خون شامل کرنا چاہتے ہیں۔ مولانا سازش کرکے معصوم طالبعلم یا اساتذہ کا خون شامل کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان ڈی آئی خان میں گھر اور پلاٹ، ایف ایٹ بنگلہ، دبئی میں فلیٹس کا جواب دیں۔ مدرسے کی آڑ میں اپنے جائیدادیں بنائیں داماد کے نام پر چک شہزاد میں 3 ارب مالیت کا فارم ہاؤس لیا۔ حلیم عادل شیخ نے دعویٰ کیا کہ پی ڈی ایم کو پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے اسرائیل سے امداد مل رہی ہے۔