اثاثہ جات کیس: احتساب عدالت نے خواجہ آصف کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرلیا

11:43 AM, 30 Dec, 2020

اسلام آباد: احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کا ایک روز ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انھیں آج ہی لاہور منتقل کرنے کا حکم دیدیا ہے۔

تفصیل کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے اثاثہ جات کیس میں گرفتار لیگی رہنما خواجہ آصف کو عدالت کے روبرو پیش کیا اور ان کے دو روزہ راہداری ریمانڈ کی استدعا کی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر خواجہ آصف کے وکیل کا کہنا تھا کہ نیب کی جانب سے ابھی تک ان کے موکل کو گرفتار کرنے کی وجوہات نہیں بتائی گئی ہیں۔ اس معاملے کیلئے چار گھنٹے لگتے ہیں، یہ لوگ دو روز مانگ رہے ہیں۔

اس موقع پر احتساب عدالت کے جج نے نیب پراسیکیوٹر کو ہدایت کی کہ خواجہ آصف کے وکیل کو گراؤنڈ آف اریسٹ دے دیں۔ جج محمد بشیر نے اس موقع پر خواجہ آصف کو آج ہی لاہور منتقل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

جج احتساب عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کو ہدایت کی کہ خواجہ آصف کو آج ممکن ہو تو آج ورنہ کل لازمی لاہور کی متعلقہ عدالت میں پیش کریں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز نیب کی خصوصی ٹیم نے لیگی رہنما خواجہ آصف کو گرفتار کر لیا تھا۔ نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ خواجہ آصف آمدن سے زائد اثاثوں کے ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہے تھے، اس لئے ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

دوسری جانب خواجہ آصف کی گرفتاری پر مسلم لیگ (ن) کی قیادت سمیت، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) اور دیگر جماعتوں کی جانب سے سخت مذمتی بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔

مزیدخبریں