میلبورن: بھارتی ٹیم کے کپتان اور سٹار بلے باز ویرات کوہلی نے جسپریت بمرا کو دنیا کا بہترین فاسٹ باؤلر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں خود بھی تیز وکٹوں پر ان کا سامنا کرنا پسند نہیں کروں گا۔
تفصیلات کے مطابق بمرا نے آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ میں 9 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ کینگروز کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں فتح کے بعد کوہلی نے بمرا کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔
انہوں نے بمرا کو دنیا کا بہترین فاسٹ باؤلر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ وہ میچ ونر باؤلر ہیں، میں دیانت داری سے کہتا ہوں کہ اگر مجھے بھی تیز وکٹ پر ان کا سامنا کرنا پڑے تو خوف محسوس کروں گا۔ ان کا باؤلنگ کرنے کا طریقہ اور مہارت دوسرے باؤلرز سے یکسر مختلف ہے اور مجھے یقین ہے کہ مستقبل میں وہ دنیائے کرکٹ کے خطرناک باؤلر ثابت ہوں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ اب تمام تر توجہ آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹیسٹ پر مرکوز ہے، میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کیلئے کھلاڑیوں کو کھیل کے تینوں شعبوں میں عمدہ پرفارم کرنا ہو گا۔