بلاول بھٹو کی گرفتاری خطرناک کھیل ہوگا،خورشید شاہ

03:10 PM, 30 Dec, 2018

سکھر:قومی اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ بلاول بھٹو کی گرفتاری خطرناک کھیل ہوگا،اس سے ملک افراتفری کاشکار بھی ہوسکتاہے۔

تفصیلات کے مطابق صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں خورشید شاہ نے خبردار کردیا اور بولے شہیدبی بی کے صاحبزادے کی گرفتاری کے لیے دل اور گردہ چاہیے ، لیکن حکومت سے کچھ
بعید نہیں۔رہنما پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ سندھ میں گورنرراج لگاناممکن نہیں، آئین وقانون میں کوئی گنجائش نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مارشل لا کے ذریعے آئین ختم کرکے گورنر راج لگایاجاسکتاہے۔سید خورشید شاہ نے کہا کہ آئین ختم کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی اور گورنر راج کا نفاذ ملک کے لیے بہتر نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئین کو چھیڑا گیا تو پاکستان کی سالمیت کو خطرہ لاحق ہوگا، وفاق کو چھیڑنا خطرناک کھیل ہوگا جب کہ سندھ میں ان ہائوس تبدیلی کی ضرورت نہیں، مفروضوں پر کیسز بنائے گئے۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے سیاستدانوں کی گرفتاری کے علاوہ کچھ نہیں کیا، سیاستدانوں سے جیلیں بھرنا پاکستان کے لیے اچھا نہیں ہے، عمران خان سے وہ کام کرائے جا رہے جو کوئی سیاستدان نہ کرتا۔ انہوں نے کہا کہ 40 سال ملک میں آمریت رہی، ان سے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، اسٹیبلشمنٹ کو سوچنا چاہیے کہ ملک کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، آمروں نے 4 دریا بیچ دیے اور آج پانی کے مسائل کا سامنا ہے۔


رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ نظر آتا ہے جیسے سویلین مارشل لاء لگانے کی کوشش کی جارہی ہے، اس قسم کی سیاست سے ایک پارٹی کو مضبوط اور باقیوں کو کمزور کیا جا رہا ہے، سیاسی جماعتوں کو ایسے ختم کرنے میں کامیاب نہیں ہوں گے، اس کھیل کے اثرات کے ذمہ دار یہ لوگ ہوں گے، ایسے غیر قانونی اقدام سے یہ آئین اور قانون کے کٹہرے میں کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان عوامی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار میں نہیں آئے، انہیں لایا گیا، عمران خان کو جیسے لایا گیا سب جانتے ہیں، عمران خان اپنی ناکامی چھپانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں سے بیلنس کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جب کہ ملک میں بحران اور غیر یقنی صورتحال پیدا کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں