اسلام آباد: مریم نواز کے بیان پر تحریک انصاف کا رد عمل بھی سامنے آ گیا۔تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے کہا کہ مریم نواز کی عدلیہ پر بد ترین نکتہ چینی کی وجہ سمجھ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو صادق اور امین قرار دئیے جانا بے قراری کی اصل وجہ ہے۔
عثمان ڈار نے کہا کہ نا اہل شخص اور اس کا خاندان بد زبانی میں سبقت لے گیا۔انہوں نے مریم نواز کو انتظار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز انتظار کریں نا اہلوں کی فہرست میں اضافہ ہونے والا ہے۔عثمان ڈار نے کہا کہ سیالکوٹی وزیر نا اہلی کے ڈر سے منظر عام سے غائب ہو چکا۔رہنما تحریک انصاف عثمان ڈار نے کہا کہ کرپشن اور منی لانڈرنگ کے نا قابل تردید ثبوت منظر عام پر آ چکے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نواز شریف کا ایک ایک فرنٹ مین اپنے انجام کو پہنچے گا۔
یاد رہے کہ آج مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری لیڈر نہ صرف عوام کے حقوق کا تحفظ کرتے ہیں بلکہ ان کے حقوق بھی واپس دلواتے ہیں اور نواز شریف کا یہی خوف سازشیوں اور مخالفین کو دن رات کھائے جا رہا ہے۔مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہا کہ یہ کیسی نا اہلی ہے کہ ملک کی ساری سیاست نواز شریف کے گرد گھوم رہی ہے جبکہ نواز شریف کے خوف سے اتحاد بن اور ٹوٹ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان چار سال سے رو رہا ہے اور جیسے جیسے (ن) لیگ اور نواز شریف آگے بڑھیں گے ان کا رونا تیز ہوتا جائیگا۔