سعودی عرب میں کرپشن کے الزام میں برطانیہ ،امریکا اور فرانس کے افراد بھی گرفتار

03:42 PM, 30 Dec, 2017

برطانوی اخبار ڈیلی میل نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب میں کرپشن کے الزام میں شہزادوں سمیت امریکا، برطانیہ اور فرانس کے کاروباری افراد بھی گرفتار ہونے والوں میں شامل ہیں۔

برطانوی اخبار نے سعودی شاہی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی حکام کی جانب سے گرفتار غیر ملکی کاروبار یافراد کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

اخبار کا کہنا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے پرائیویسی قوانین کے باعث کچھ بتانے سے گریز کیا جبکہ برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ سعودیہ میں سفارخانے کو مدد کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے۔ فرانس کے وزارت داخلہ نے اس حوالے سے کسی قسم کا بیان دینے سے گریز کیا ہے۔

 یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سعودی حکومت نے کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے شاہی خاندان میں نمایاں مقام رکھنے والے شہزادوں، وزراء اور کاروباری شخصیات سمیت 200 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا ۔جس میں 31 شہزادے بھی شامل تھے ۔

سعودی عرب کے پراسیکیوٹر جنرل کرپشن کے الزام میں گرفتار افراد سے 100 ارب ڈالر کے معاہدے کرنا چاہتے ہیں جب کہ سعودی دارالحکومت کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مطابق مبینہ طور پر کی گئی کرپشن کی رقم 800 ارب ڈالر بنتی ہے۔

مزیدخبریں