خاران: آئل ٹینکر ایف سی گاڑی پر چڑھ گیا، 5 اہلکار شہید

03:29 PM, 30 Dec, 2017

خاران: خاران میں المناک حادثہ پیش آیا ہے۔ آئل ٹینکر ایف سی کی گاڑی پر چڑھ گیا جس کے نتیجے میں پانچ اہلکار شہید ہو گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف سی اہلکار ایرانی ڈیزل اسمنگ کی کوشش ناکام بنا رہے تھے۔

ٹینکر کو روکنے کی کوشش کے دوران آئل ٹینکر ایف سی کی گاڑی پر چڑھ دوڑا ۔ ٹینکر کا ڈرائیور اور اس کا ساتھی فرار ہو گئے۔ تاہم ایف سی نے دونوں کی تلاش میں سرچ آپریشن جاری کر دی۔

ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں استعمال ہونے والے پیٹرول کا 15 سے 20 فیصد ایران سے اسمگل ہوتا ہے جبکہ اسمگل شدہ پیٹرول اور ڈیزل اکثر بلوچستان اور سندھ کے بعض علاقوں میں فروخت ہوتا ہے جن میں کراچی بھی شامل ہے۔ ستمبر 2015 میں یرانی پیٹرول اور ڈیزل کی اسمگلنگ میں بلوچستان کے ایک سینیئر پولیس افسر کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

بلوچستان حکومت کے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (ایس اینڈ جی اے ڈی) کی جانب سے اسٹیبلشمنٹ ڈپارٹمنٹ کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا تھا کہ سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) اشفاق انور اپنے ماتحتوں کے ذریعے ایرانی تیل کی پاکستان میں اسمگلنگ سے ہر ماہ کروڑوں روپے کما رہے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں