بھارتی سنسر بورڈ نے فلم ’پدماوتی‘ کو ریلیز کی مشروط اجازت دے دی

03:21 PM, 30 Dec, 2017

ممبئی: بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کی فلم ’پدماوتی‘ کو بھارتی سنسر بورڈ نے نمائش کی مشروط اجازت دے دی۔ فلم کی اسپیشل اسکریننگ میں سنسر بورڈ کے ارکان کے ساتھ ساتھ تاریخ دان اور رانی پدمنی کے خاندان کے افراد بھی شریک تھے ۔ اجلاس میں طویل مشاورت کے بعد بھارتی سنسر بورڈ نے فلم کو مشروط اجازت دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سنسر بورڈ کا کہنا ہے کہ فلم کا نام تبدیل کرنے اور فلم کے 26 مناظر کو ہٹانے کی شرط پر سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا جس پر عمل کیے بغیر فلم کو نمائش کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

بھارتی سنسر بورڈ نے فلم کا نام بھی ’پدماوت‘ تجویز کیا ہے اس حوالے سے سنجے لیلا بھنسالی اور فلم پروڈیوسرز کی جانب سے تاحال کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا۔

یاد رہے سال 2017 کی سب سے متنازع فلم ’پدماوتی‘ رہی۔ فلم پر ’شری راجپوت کرنی سینا‘ نے تاریخی حقائق مسخ کرنے کا الزام عائد کیا تو وہیں انتہا پسندوں نے مظاہرے کیے۔ بی جے پی کے انتہا پسند رہنما نے دپیکا پڈوکون اور ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کے سر کی قیمت 10 کروڑ لگائی تھی جس کے بعد پروڈیوسرز نے انتہا پسندوں کے دباؤ میں آ کر فلم کی ریلیز یکم دسمبر کو موخر کر دی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں