لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچانے کا نوٹس لیا ہے۔
نیب کے اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ گوادر انڈسٹریل اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جیڈا) نے بلوچستان کی معاشی ترقی داؤ پر لگا دی۔ جیڈا انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی بجائے اسٹیٹ ایجنسی بن گئی۔
نیب کے اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ جیڈا کے افسران اور سہولت کاروں نے کمرشل پلاٹس اپنے عزیزو اقارب اور من پسند افراد میں بانٹ دیئے۔ ریکارڈ کے معائنے سے پتا چلا کہ اتھارٹی میں کمرشل پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے قواعدو ضوابط کو یکسر نظر انداز کیا گیا۔
دوسری جانب چیئرمین نیب نے کہا ہے کہ نیب معاشی سرگرمیوں کی راہ میں کرپشن کے ذریعے روڑے اٹکانے والوں کو منطقی انجام تک پہنچائے گا۔ گوادر کی معاشی ترقی کرپٹ عناصر کی ذاتی فوائد کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔
جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ کرپشن کے ذریعے گوادر کی معاشی ترقی کو داؤ پر لگانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں