بیجنگ : چین نے ایک مرتبہ پھر بھارت کو زوردار جھٹکا دیدیا اور مسعود اظہر کو عالمی دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کرنے کے لیے قراردادمیں رکاوٹ بن گیا ، اس فیصلے پر بھارت ایک مرتبہ پھر ناراض ہوگیا۔ یادرہے کہ یہ دوسرا موقع ہے جب جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کیخلاف اقوام متحدہ کی پابندیوں کی راہ میں چین آڑے آیا اور موقف اپنایاکہ بھارت کی درخواست پر متضاد نظریات ہیں۔
انڈین میڈیاکے مطابق اقوام متحدہ میں چین نے ایک مرتبہ پھر جیش محمد کے سربراہ مولانامسعود اظہر کو عالمی دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کرنے کی قرارداد روک دی ۔ اس صورتحال پر بھارت کی وزارت خارجہ نے کہاہے کہ چین سے مزید سمجھ بوجھ کی توقع کرتے ہیں، چین کے اس اقدام سے دہشتگردی کیخلاف جنگ دوہرے معیار کی نشاندہی ہوتی ہے ، یہ کوئی پہلی مرتبہ نہیں کہ چین نے قرارداد روکی ، اس سے پہلے بھی روک چکا ہے ، چین کے اس اقدام سے اس طرح کے دیگر گروہوں کی بھی قتل وغارت گری کیلئے حوصلہ افزائی ہوگی ۔
بھارت کا ردعمل سامنے آنے پر چین کی وزارت خارجہ نے کہاکہ اقوام متحدہ کی رکن ممالک پر مشتمل کمیٹی کے پاس جمع کرائی گئی درخواست اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قرارداد سے مشابہت رکھنی چاہیے ۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکرہے کہ سلامتی کونسل کے 15ممبران میں سے چین وہ اکیلا رکن ہے جو مولانا مسعود اظہر پر پابندیوں کی مخالف کررہاہے.